حاجیوں کے لئے صحیح خدمات فراہم کی جائیں:حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی

0 1

اشرف 8 ستمبر / بھٹنڈا(پریس ریلیز) آل انڈیا علماء و مشائخ بورڈ کے صدروبانی اور ورلڈ صوفی فورم کے چیئرمین حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ حج مسافروں کو مناسب سہولت دی جائے کیونکہ حج مسافر عام طور پر دستیاب ہوائی ٹکٹ مزید داموں میں خریدتے ہیں اورتمام طرح کے ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں، اس کے بعد بھی حاجیوں کوایئر پورٹ پر الگ سے کوئی سہولت ملنا تو دور کی بات ہے انٹرنیشنل ہوائی سفر کرنے والے عام مسافروں کو ملنے والی سہولیات سے بھی محروم کیا گیا ہے جو افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت حج اور حج کمیٹی کو اس جانب توجہ دیتے ہوئے فوری طور پر حج مسافروں کو حج مناسب سہولت دینے کا انتظام کرنا چاہئے۔ حضرت نے کہا کہ یہ ہمارا حق ہے جس کی ہم قیمت چکاتے ہیں اور یہ کوئی آپ کی مہربانی نہیں ہے، حضرت کچھوچھوی نے تلخ لہجے میں کہا کہ حکومت جلد اس پر کارروائی کرے ۔حج مسافروں کے لئے بڑی بد انتظامی ہے ،انہیں اپنا سامان ملنے میں پریشانی ہو رہی ہے کیونکہ زیادہ تر مسافر بوڑھے ہیں ان میں سے بہت پڑھنا لکھنا بھی نہیں جانتے جس وجہ سے ان کا سامان ملنے میں بڑی پریشانی ہے، ایک بار ان کا سامان مشکلوں کے بعد مل جاتا ہے تو ایئر پورٹ کے باہر ایک بار پھر ان کا سامان لے کر ایک لوڈر پرلاد دیا جاتا ہے اور حاجیوں کوکیمپ میں لے جایا جاتا ہے، وہاں بھی بڑی بد انتظامی کا ماحول ہے۔ جہاں کیمپ لگایا گیا ہے وہاں نہ حاجیوں کے لئے مناسب انتظامات ہے نہ ان کو لینے آنے والوں کے لئے کوئی انتظام، یہاں تک کہ ضروریات سے فارغ ہونے کیلئے بھی مناسب انتظام نہیں ہے اور کیمپ کے باہر پانی بھرا ہوا ہے۔ حضرت نے کہا کہ حکومت فوراًاس پر توجہ دے اور مناسب انتظامات کرے کیونکہ قیمت وصولی کے بعد بھی انتظامات نہ دینا ظلم ہے اور ظلم برداشت نہیں کیا جانا چاہئے۔