ایشیا کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچ کو لے کر فخر زمان نے دیا یہ بڑا بیان
رواں ماہ یو اے ای میں ایشیا کپ کا آغاز ہونے والا ہے ۔ ستمبر کی 15 تاریخ سے شروع ہوکر 28 تک یہ ٹورنامنٹ چلے گا ۔ ہندوستان ، پاکستان سمیت سبھی شریک ہونے والے ممالک نے اپنی اپنی ٹیموں کا اعلان کردیا ہے ۔ ٹیم انڈیا میں موجودہ کپتان وراٹ کوہلی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ پر روہت شرما کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے ۔ وہیں گزشتہ روز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بھی اعلان کردیا گیا ہے ، جس میں محمد حفیظ اور عماد وسیم جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں ۔
ادھر ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل پاکستان کے سلامی بلے باز فخر زمان نے ہندوستان اورپاکستان کے درمیان مقابلہ کو لے کر بڑا بیان دیا ہے ۔ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق فخر زمان کا کہنا ہے کہ ہندوستان ورلڈ کلاس سائیڈ ہے اور کوہلی کے نہ ہونے سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا۔
ساتھ ہی ساتھ فخر زمان نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ ہندوستان کے خلاف میچ کا الگ ہی دباو ہوتا ہے ۔ فخر زمان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ ہندوستان – پاکستان میچ میں دباؤ نہیں ہوگا کیونکہ ہندوستان کے خلاف میچ کا الگ دباؤ ہوتا ہے، میچ میں ہندوستان کے گیند بازوں پر بھی بہت دباؤ ہوگا۔
فخر زمان کا مزید کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں کنڈیشنگ کیمپ کا فائدہ ہوا ، لاہور میں اچھی پریکٹس کا موقع مل رہا ہے ، جب کہ ہندوستان کے خلاف میچ میں چیمپئنز ٹرافی فائنل کی کارکردگی دہرانے کی پوری کوشش کروں گا۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ رواں ماہ کی 15 تاریخ سے دبئی میں شروع ہوگا ، جس میں ہندوستان ، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لیں گی جب کہ ایونٹ میں 19 ستمبر کو روایتی حریف ہندوستان اور پاکستان کا ٹکراؤ ہوگا۔