حیدرآباد: نظام کے میوزیم سے تقریباً 50 کروڑ کے بیش قیمتی برتن چوری
حیدرآباد کی پرانی حویلی واقع نظام کے میوزیم میں چوروں نے ایک بڑی واردات کو انجام دیا ہے۔ اتوار رات چوروں نے نظام کو سونے کا ایک ٹفن باکس، جواہرات سے جڑا ہوا کپ اور ہیرا سمیت کئی بیش قیمتی اشیا پر ہاتھ صاف کردیا۔
میوزیم کے افسران کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق میوزیم کی تیسری منزل میں چوری کا یہ حادثہ رونما ہوا ہے۔ سی سی ٹی وی فٹیج کی بنیاد پر یہ اطلاع ہاتھ لگی ہے کہ چور وینٹیلیٹر کے راستے سے میوزیم میں داخل ہوئے تھے۔
آپ کو بتا دیں کہ ان برتنوں کا استعمال حیدرآباد کے آخری نظام میرعثمان علی خان (ساتویں) نے کیا تھا۔ چوری کے بعد حیدرآباد پولیس نے چوروں کا پتہ لگانے کے لئے 10 ٹیموں کی تشکیل کی ہے۔ بین الاقوامی بازار میں ان قدیم اشیا کی قیمت تقریباً 50 کروڑ روپئے بتائی جارہی ہے۔