بھیونڈی (ایس اے ):- کانگریس پارٹی کے 136 ویں یوم تاسیس کے موقع پر بھیونڈی مہیلا کانگریس پارٹی کی جانب سے شہر کے ونجارپٹی ناکہ پر واقع بارادری ہوٹل کے ہال میں ایک عظیم الشان پروگرام کا انعقاد کی گیا ۔

اس پروگرام میں پارٹی کے سبھی کارپوریٹرز اور عہدیداران کے ذریعہ مہیلا صدر کی حیثیت سے 10 سال مکمل کرنے کے پر مہیلا کانگریس کی صدر ریحانہ انصاری کا زبردست استقبال کرتے ہوئے انھیں اعزاز سے نوازا گیا ۔ کانگریس کے سابق صدر شعیب گڈو کی زیرصدارت میں منعقدہ اس پروگرام میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور سینئر صحافی گوپال سنگھ ٹھاکر نے کانگریس پارٹی کی تاریخ اور اس کے کاموں و سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کانگریس واحد پارٹی ہے جو ملک کو آگے لے جا سکتی ہے اور سب کا احترام کرتی ہے ۔ بھیونڈی مہیلا کانگریس کی انچارج حمیرا خان نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے بلدیہ میں خواتین کو 50 فیصد ریزرویشن دے کر خواتین کو عزت دینے کا کام کیا ہے ۔ جبکہ بی جے پی صرف بیٹی بچاؤ اور بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دے رہی ہے لیکن سچائی اس کے برعکس ہے بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں میں بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں ۔

کانگریس کے سابق صدر شعیب گڈو نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھیونڈی مہیلا کانگریس کی صدر نے اپنے 10 سالہ دور صدارت میں قابل ستائش کام کیا ہے ۔ اندرا گاندھی اسپتال کا معاملہ ہو یا راشن ڈیپارٹمنٹ کا معاملہ ، ریحانہ انصاری نے لوگوں کو انصاف دلانے کے لئے ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں ۔ شعیب گڈو نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عوام کے لئے کام کرتی ہے ۔ کانگریس نے ملک بنانے کے بارے میں ہمیشہ سوچتی آئی ہے ۔ جبکہ بی جے پی ملک کو توڑنے کے لئے کوشاں ہیں ۔ ہم سب کو بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر رہنا ہوگا ۔ مہیلا کانگریس کی صدر ریحانہ انصاری نے سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارٹی نے مجھے صدر کے طور پر 10 سال تک پارٹی کے لئے معاشرے میں کام کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ میں پارٹی کی طرف سے دی گئی ذمہ داری کو مزید ایمانداری کے ساتھ نبھاتے ہوئے پارٹی کو مضبوط بنانے کا کام اسی طرح جاری رکھو گی ۔ سینئر قائدین فضل خان ، ترجمان اقبال صدیقی ، پرشانت لاڈ ، ارون راوت ، نجمہ سید وغیرہ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کی صدر ریحانہ انصاری کے ذریعہ معاشرے کے لئے کئے گئے کاموں کی تعریف کی۔ اس پروگرام میں گٹ نیتا و اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین حلیم انصاری ، کانگریس کے تمام فرنٹل صدور ، کانگریس کے کارپوریٹرز ، اور عہدیدار موجود تھے ۔ پروگرام کی نظامت ذاکر مومن نے ادا کی ۔


اپنی رائے یہاں لکھیں