’ بی جے پی کو 2019 میں حکومت سے باہر کر دیں گے‘:بھیم آرمی کے بانی چندر شیکھر آزاد

0 32

نئی دہلی: بھیم آرمی کے بانی چندر شیکھر آزاد عرف راون کو سہارن پور کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق راون کو جمعہ صبح 2.24بجے جیل سے رہا کیا گیا۔ 5 مئی 2017 کو سہارن پور کے شبیر پور گاؤں میں دلت اور ٹھاکر کمیونٹی کے بیچ ذات کو لے کر تشدد ہوا تھا۔ واقعہ کے بعد چندر شیکھر کا نام سامنے آیا تھا۔ پولیس نے ان کے خلاف کئی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

اس کے بعد وہ انڈر گراؤنڈ ہو گئے تھے۔ کچھ مہینے بعد 8 جون 2017 کو اتر پردیش ایس ٹی ایف نے ہماچل پردیش سے ان کو گرفتار کیا تھا۔2 نومبر 2017 کو الہ آباد ہائی کورٹ نے چندر شیکھر عرف راون کو   ضمانت دے دی تھی۔ لیکن اس کے بعد اتر پردیش حکومت نے نیشنل سکیورٹی ایکٹ(این ایس اے) لگا کر ان کو گرفتار کر لیا تھا۔ نیشنل سکیورٹی ایکٹ کے تحت کسی آدمی کو پہلے 3 مہینے کے لیے گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ پھر ضرورت کے مطابق 3-3 مہینے کے لیے گرفتاری کی مدت بڑھائی جا سکتی ہے۔