7جون کو اورنگ آباد کے اماموں کا ’’اجلاسِ خاص‘‘

اورنگ آباد: ۲۷ مئی (راست): مہاراشٹرمسلم عوامی کمیٹی کی جانب سے 7جون 2022؁ء کو اورنگ آباد کے تمام مساجد کے پیش اماموں کا ایک ’’اجلاسِ خاص‘‘ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں ۲۶ مئی ۲۰۲۲؁ء کو الیاس کرمانی کے مکان پر ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔اس میٹنگ میں مختلف مکتبۂ فکر کے علما و مفتی حضرات موجود تھے۔ اس میٹنگ میں طے کیا گیا کہ ملک کی موجودہ صورت حال، امامِ ِ مساجد کی ذمہ داریاں، سماج میں بڑھتے جرائم، نوجوانوں میں نشے کی لت، عبادت گاہوں کی حفاظت، حالاتِ حاضرہ اور خطباتِ جمعہ کے تعلق سے لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت، ان تمام موضوعات پر اورنگ آباد کے تمام مساجد کے پیش اماموں کا بروز 7 جون 2022 مکہ مسجد، دلی گیٹ اورنگ آباد میں بعد نمازِ عشاء، بعد از تناول طعام ایک ’’اجلاسِ خاص ‘‘ منعقد کیاجائے گا ۔

اس میٹنگ کی شروعات مولانا اقبال انصاری صاحب نے تلاوتِ کلام مجید سے کی۔ انجینئر واجد قادری صاحب نے ’’اجلاسِ خاص ‘‘ کی غرض و غائیت پیش کی۔ پروگرام کے صدر الیاس کرمانی نے ’’اجلاسِ خاص‘‘ کی تاریخ طے کرتے ہوئے کہا کہ اس ’’اجلاسِ خاص ‘‘ میں اورنگ آباد کی تمام مساجد کے پیش اماموں کو مدعو کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی سرپرستی تمام مکتبۂ فکر کے علماء حضرات کریں گے۔ حالاتِ حاضرہ پر جمعہ کی نماز خطبات پر زور دیا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ تاریخ گواہ کہ معاشرے میں تبدیلی اور انقلاب منبر و محراب ہی کی برکتوں سے آئی ہے۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے کا عہد افضل حسین قادری، شوکت علی، رمضانی خان، محمد طاہر، کاظم شیخ اور ڈاکٹر سہیل ذکی الدین نے کیا۔