جدہ : 32 سال بعد دونوں ممالک کے تعلقات مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد تھائی زائرین کا پہلا گروپ سعودی عرب پہنچ گیا‘ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر زائرین کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عکاظ اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس سال کے شروع میں مکمل سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد سے تھائی مسلمان زائرین کا پہلا گروپ اس ہفتے سعودی عرب پہنچا ہے، عازمین سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عمرہ اور زیارتوں کے لیے پہنچے ہیں۔بتایا گیا ہے کہ تھائی زائرین کا گروپ بنکاک سے سعودی قومی کیریئر السعودیہ کی طرف سے چلائی جانے والی پرواز میں سوار ہو کر مملکت پہنچے تو سعودی وزارت حج و عمرہ، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹ کے حکام نے ان کا استقبال کیا تاہم گروپ کی تعداد کے بارے میں نہیں بتا یا گیا۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ تقریباً 32 سالوں میں دونوں ممالک کے مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کے دو ماہ سے بھی کم وقت کے بعد سعودی ایئر لائنز نے اس ہفتے کے شروع میں مملکت اور تھائی لینڈ کے درمیان اپنی پروازیں دوبارہ شروع کیں، اس حوالے سے سعودی قومی حج و عمرہ کمیٹی کے رکن ہانی العمیری نے کہا کہ سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کے فوائد میں سے ایک براہ راست پروازوں کی واپسی ہے جو عازمین کو مملکت میں پرواز کرنے اور ان کی آمد کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی اجازت دیتی ہے۔