وسیم رضوی مردود کا حالیہ بیان سستی شہرت حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہے: مولانا رشید احمد قاسمی

نوتنواں بازار(عبیدالرحمن الحسینی کی رپورٹ)
قرآن کریم کو اللہ رب العزت نے نازل کیا ہے اور اپنے آخری اور محبوب پیغمبر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل کیا ہے، صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیہم اجمعین کو اس کی حفاظت کا ذریعہ بنایا اور قیامت تک کےلئے اس کی ذمہ داری خود اللہ رب العزت نے اپنے ذمہ لیا ہے۔

قرآن کریم کو جس طرح اللہ رب العزت نے اتارا ہے اسی طرح بلا کسی کمی و زیادتی کے آج موجود ہے اور تا قیامت موجود رہے گا اس میں کسی طرح کی کوئی ترمیم و تنسیخ کسی کے لئے روا نہیں ۔
وسیم رضوی مردود کا قرآن کریم کی 26 آیتوں کے متعلق حالیہ بیان سستی شہرت حاصل کرنے کا واحد ذریعہ ہےاور ماضی میں جو بدعنوانی اور غبن وخیانت کا الزام اس پر لگا ہے وہ اس طرح کے بیہودہ و بکواس بیان دے کر حکومت کی شاباشی حاصل کرکے سلاخوں کے پیچھے جانے سے بچنے کا ایک حیلہ ہے، ہم جملہ اراکین محکمہ شرعیہ اس کے اس بیہودہ بکواس کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور مرکزی و صوبائی دونوں حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے شرپسند عناصر پر قدغن لگائے جو ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب تار تار کرنے اور اس گلشن میں آگ لگانے پر آمادہ ہے،ساتھ ساتھ تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور کوئی ایسا بچکانہ قدم نہ اٹھائیں جس سے مذہب اسلام اور مسلمان دونوں بدنام ہوں