بھارت میں ایک نوجوان کی زبان 10 اعشاریہ 8 سینٹی میٹر لمبی ہے، گمان کیا جارہا ہے کہ یہ دنیا میں کسی بھی انسان کی سب سے لمبی زبان ہے۔انڈیا بک آف ریکارڈ کے مطابق جنوبی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے علاقے وردہونگر کے 21 سالہ کے پراوین کی زبان 10 اعشاریہ 8 سینٹی میٹر لمبی ہے۔

یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے مطابق ایک انسان (مرد) کی اوسطاً زبان 8 اعشاریہ 5 سینٹی میٹر تک لمبی ہوتی ہے، جبکہ کے پراوین کی زبان اس اوسط سے دو اعشاریہ پانچ سینٹی میٹر زیادہ لمبی ہے اور یہ دنیا میں غالباً کسی بھی انسان کی سب سے لمبی زبان ہے۔

پراوین روبوٹ ٹیکنالوجی کے طالب علم ہیں اور وہ یہ بات جانتے ہیں کہ انکی زبان اوسط انسانوں سے زیادہ لمبی ہے۔انہیں اسکا اندازہ اپنی زبان اپنے دوستوں اور خاندان کے لوگوں کو دکھانے سے ہوا۔ وہ اپنی زبان سے اپنی ناک اور اپنی کہنی کو چھونے کے ساتھ ساتھ اس سے آنکھ کو چھونے کی بھی کوشش کرتے ہیں۔

فنڈز کی کمی کے باعث وہ اپنی لمبی زبان کے آفیشل غیر معمولی لمبائی کے ریکارڈ کو گنیز ریکارڈز میں درج نہیں کراسکے ہیں، لیکن بھارت کے اپنے لمکا بک آف ریکارڈز میں اس نے ملک میں سب لمبی زبان کا حامل ہونے کا ریکارڈ درج کرادیا ہے۔