۔24 کورونا مریضوں کی آکسیجن سپلائی بند ہونے پر موت

ناسک : ایک صدمہ انگیز واقعہ میں کم از کم 24 کورونا مریضوں کی موت ہوگئی جو وینٹیلیٹر پر تھے اور انہیں جس سسٹم کے ذریعہ آکسیجن مل رہی تھی وہاں سے زندگی کیلئے ناگزیر گیس کا اخراج ہوگیا۔ یہ ہاسپٹل کے متعلقہ حکام کی لاپرواہی کا بدترین واقعہ ہے جو مہاراشٹرا کے شہر ناسک کے ڈاکٹر ذاکر حسین ہاسپٹل میں پیش آیا۔ ملک بھر میں جاری کوویڈ۔19 بحران کے درمیان آکسیجن کی قلت ہوتی جارہی ہے اور اس درمیان آکسیجن ٹینکر سے گیس کا بڑے پیمانے پر اخراج نے 24 کورونا مریضوں کی جان لے لی۔ ریاستی وزیر راجیش توپے نے آکسیجن ٹینکر میں والوو کی خرابی کو اس واقعہ کا سبب بتاتے ہوئے کہا کہ تحقیقات کا حکم دیا گیا ہیکہ لاپرواہی کے حقیقی اسباب کا پتہ چلایا جاسکے۔ ذرائع نے کہا کہ یہ دردناک حادثہ دوپہر کے وقت پیش آیا۔ آکسیجن ٹینک سے زبردست اخراج کے سبب آکسیجن کی سپلائی کم از کم نصف گھنٹہ منقطع ہوگئی جس کے نتیجہ میں کئی مریضوں کی موت ہوئی جو وینٹیلیٹر سپورٹ پر تھے۔ فائر بریگیڈ ٹیم کو فوری مقام واقعہ طلب کیا گیا تاکہ آکسیجن کے اخراج کو بند کیا جاسکے۔

Leave a comment