یو اے ای میں بچوں کو سائینوفارم ویکسین لگانے کی منظوری

ابوظہبی ۔ متحدہ عرب امارات نے بچوں کو چینی ویکسین سائینوفارم لگانے کی منظوری دے دی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق یو اے ای میں 3 سے 17 سال تک کے بچوں کو کوویڈ 19 سے محفوظ رکھنے کے لیے چین کی تیار کردہ سائینوفارم لگائی جائے گی۔ وزارت صحت نے سائینوفارم کے ہنگامی استعمال کی منظور ایک جامع تحقیق کے نتائج سامنے آنے کے بعد دی ہے۔ مطالعہ میں 900 بچوں نے خود کو رضاکارانہ طور پر پیش کیا اور ٹرائلز مکمل ہونے پر ویکسین کی اجازت دی گئی۔ اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ اب تک قریباً 80 فیصد آبادی کو ویکسین کی ایک ڈوز لگائی جا چکی ہے جب کہ 70 فیصد سے زائد افراد مکمل طور پر ٹیکہ لے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یو اے ای میں 12 سے 15 سال کے بچوں کو فائزر ویکسین بھی لگائی جا رہی ہے تاہم اب سائینوفارم بھی دستیاب ہو گی۔

Leave a comment