یمنی باغیوں کا ڈرون حملہ ناکام، بارودی کشتی تباہ

ریاض : یمن میں سرگرم عرب اتحاد نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی سمت بھیجا جانے والا ایک دھماکا خیز ڈرون طیارہ تباہ کر دیا گیا۔ یہ ڈرون یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی طرف سے بھیجا گیا تھا۔عرب اتحاد نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے ان کوششوں کو جاری رکھنے کا مقصد شہریوں کو دانستہ طور پر نشانہ بنانا ہے۔ عرب اتحاد کے مطابق سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے 48 گھنٹوں کے دوران میں 6 دھماکا خیز ڈرون اور 4 بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کر دیا۔دوسری جانب بحیرہ احمر میں حوثی ملیشیا کی بارود سے بھری 2کشتیوں کے ذریعے حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ عرب اتحاد کے مطابق دونوں کشتیوں کو یمن کے صوبے الحدیدہ میں واقع صلیف کے ساحل پر اس وقت تباہ کیا گیا جب انہیں بارود سے بھر حملے کے لیے تیار کیا جا رہا تھا۔ عرب اتحاد کے ترجمان نے واضح کیا کہ حوثی ملیشیا نے حدیدہ میں معاندانہ کارروائیوں کے ذریعے اسٹاک ہوم معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بحیرہ احمر کے جنوب میں جہاز رانی اور عالمی تجارت کے لیے حوثی ملیشیا کا خطرہ بدستور برقرار ہے اور فوری طور پر روکنا ناگزیر ہوگیا ہے۔ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی مالکی نے حوثی ملیشیا کی جانب سے شہریوں اور تنصیبات کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کی مذمت کی اور کہا کہ سعودی حکومت کو خطروں سے نمٹنے کے لیے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔

Leave a comment