کیا ایک ٹوئیٹ ہندوستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے ؟

جہدکار دیشا روی کی گرفتاری پر کانگریس کا ردعمل ۔ممتا بنرجی کا بھی اظہارمذمت
نئی دہلی ؍ کولکاتا : کانگریس نے آب و ہوا کو بہتر بنانے کیلئے کام کرنے والی جہد کار دیشا روی کی گرفتاری کو آج حیران کن اور بدبختانہ کارروائی قرار دیا اور سوال کیا کہ آیا مملکت ؍ ہندوستان اس قدر کمزور ہے کہ محض ایک ٹوئیٹ اُس کی سلامتی کیلئے خطرہ بن جاتا ہے ؟ کانگریس لیڈر کپل سبل نے دیشا روی کے نام کا حوالہ دیتے ہوئے ٹوئیٹ کیا کہ مملکت اپنی سلامتی کے تعلق سے اس قدر خائف کیوں ہے ۔ کیا 22 سالہ لڑکی نیشنل سکیورٹی کے لئے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ خطرہ پیدا کررہی ہے ۔ کیا حکومت اس قدر عدم روادار ہے کہ وہ کسانوں کے ساتھ کھڑے رہنے والے نوجوانوں کو برداشت نہیں کرسکتی ؟ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بھی دیشا کی گرفتار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کو پہلے خو داپنے آئی ٹی سیل کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے جو فرضی خبریں پھیلا رہا ہے ۔ اُنھوں نے سوال کیا کہ دو مختلف نوعیت کے قوانین کیوں ہے؟ دریں اثناء دہلی پولیس دیشا کو گرفتار کرنے کے بعد اب مزید دو جہدکاروں کو ٹول کٹ کیس میں گھیرنا چاہتی ہے ۔ ممبئی کی وکیل نکیتا جیکب اور پونے کے انجینئر شانتنو کی سرگرمی سے تلاش جاری ہے ۔ اُن پر موافق خالصتانی گروپ زوم میٹنگ منعقد کرنے کا الزام ہے ۔

Leave a comment