کورونا کے ریکارڈ دو لاکھ نئے معاملے

فعال معاملات14,71,877 تک پہونچ گئے۔مزید 1,038 اموات

نئی دہلی: ہندوستان میں کورونا وائرس (کوویڈ ۔19) کا قہر بڑھتا ہی جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں ریکارڈ دو لاکھ نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت کی کی جانب سے آج صبح جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 200739 نئے کیس درج ہوئے ۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 40 لاکھ 74 ہزار564 ہوگئی ہے۔ اس دوران 93,528 مریض صحت مند ہوچکے ہیں، جن کے ساتھ اب تک 1,24,29,564 مریض کوروناسے نجات پاچکے ہیں۔ ملک میں کورونا کے فعال معاملات13 لاکھ کو عبور کرکے 14,71,877 ہوچکے ہیں۔ اسی دوران مزید 1038 کی موت سے اس مرض سے مرنے کی تعداد بڑھ کر 173123 ہوگئی ہے ۔ملک میں صحت یابی کی شرح 88.31 فیصد اور فعال کیسوں کی شرح 10.46 فیصد ہوگئی ہے جبکہ اموات کی شرح1.23 فیصد رہ گئی ہے۔ مہاراشٹرا کورونا کے فعال معاملوں میں سرفہرست ہے اور ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فعال کیسوں کی تعداد 19050 کے اضافہ کے ساتھ 613635 ہوگئی ہے ۔ اس عرصے کے دوران ، ریاست میں مزید39624 مریض صحتمند ہوئے ، جن کے ساتھ کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 2905721 تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ مزید 278مریضوں کی اموات کے ساتھ یہ تعداد بڑھ کر 58804 ہوگئی ہے۔ اترپردیش بھی شدید متاثرہ ریاستوں میں شامل ہے۔ وہاں 22,439 نئے کیس درج ہوئے ہیں جو ایک روز میں اعظم ترین اضافہ ہے۔ کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے حکومت اترپردیش سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ اِس بحران کی صورتحال کو چھپانے کی خاطر وقت اور وسائل لگانا فضول ہے۔ اِس لئے یوگی حکومت کی اوّلین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ریاست کے شہریوں کو مہلک عالمی وباء سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کرے۔

Leave a comment