کورونا مخالف ویکیسن لگوانے سے روزہ باطل نہیں ہوتا ہے، لوگ یہ ویکیسن لگوائیں:مفتی اعظم جموں وکشمیر

سری نگر۔ جموں و کشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے لوگوں سے کورونا مخالف ویکسین لگوانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ویکسین کے لگوانے سے روزہ باطل نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ویکیسن دفاع کیلئے ہے اس میں غذائی اجزا شامل نہیں ہیں لہذا اس کے استعمال سے روزوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ موصوف مفتی اعظم نے ان باتوں کا اظہار اپنے ایک ویڈیو بیان میں کیا۔ بیان میں ان کا کہنا تھا: ‘کورونا وبا نے قہر برپا کیا ہے لوگ پریشان ہیں اور اموات اور متاثرین میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے ۔ بچاؤ کے لئے کووڈ مخالف ویکیسن کا لگوانا ضروری ہے ۔ موصوف مفتی اعظم نے کہا کہ اس ویکسین کے لگوانے سے روزہ باطل نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا یہ ویکسین دفاع کیلئے ہے اس میں غذائی اجزا شامل نہیں ہیں لہذا اس سے روزوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام اپنے اور دوسروں کے دفاع کی فکر کرنے کی تاکید کرتا ہے لہذا لوگوں کو یہ ویکسین بلا جھجھک لگوانا چاہئے ۔ موصوف نے کہا کہ میں نے خود بھی یہ ویکیسن لگوایا اور لوگوں سے بھی اس کو لگوانے کی تاکید کرتا ہوں۔ دریں اثنا مجلس متحدہ علما جموں وکشمیر نے بھی اپنے ایک بیان میں لوگوں سے اپنی اپنی باری پر کورونا مخالف ویکسین لگوانے کی تاکید کی ہے ۔

Leave a comment