چھپ کر شادی کرنے والے معمر جوڑے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ

گھر والوں کی مرضی کے بغیر شادی کرنے والے ایکواڈور کے جولیو مورا اور والڈرامینا نے دنیا کے سب عمر رسیدہ جوڑا ہونے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ بنایا ہے۔برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق دونوں کے گھر والے اس شادی سے خوش نہیں تھے لہٰذا وہ گھر چھوڑ کر چلے گئے اور چھپ کر رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔

جولیو مورا کی عمر 110 برس ہے اور والڈرامینا 104 سال کی ہیں۔ ان کی شادی کو 79 برس ہو چکے ہیں اور دونوں کی صحت بھی اچھی ہے۔ گینیز ورلڈ ریکارڈ کمیٹی نے میاں بیوی کی عمر کو یکجا کیا ہے جو 214 برس بنتی ہے۔ جولیو مورا کی پیدائش 1910 میں ہوئی اور والڈرامینا 1915 میں پیدا ہوئیں جبکہ ان کی شادی 1941 میں ہوئی۔دونوں ریٹائرڈ ٹیچر ہیں اور ایکواڈور کے دارالحکومت کوینٹو میں رہائش پذیر ہیں۔ انہیں اگست میں گینیز ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفیکیٹ دیا گیا۔

ان کی بیٹی سیسیلیا کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی متحرک رہتے ہیں اور ان کی صحت بھی اچھی ہے، ’دونوں فیملی تقریبات پسند کرتے ہیں تاہم کورونا وائرس کی وبا کے باعث ایسا ممکن نہیں ہے۔‘ان کی فیملی کافی بڑی ہے۔ چار بچے ہیں جن کی شادیاں ہو چکی ہیں۔ 11 پوتے پوتیاں ہیں اور آگے ان کے بھی 21 بچے ہیں۔سیسیلیا نے کہا کہ ’مارچ سے ہمارا خاندان ایک دوسرے سے نہیں مل سکا اور میرے والدین سب سے ملنا چاہتے ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ان کے والد کو ٹی وی دیکھنا اور دودھ پینا پسند ہے اور ان کی والدہ کو میٹھا کھانا اور اخبار پڑھنا اچھا لگتا ہے۔جولیو مورا اور والڈرامینا سے قبل یہ ریکارڈ ایک امریکی جوڑے کے پاس تھا جن کی مجموعی عمر 212 سال بنتی ہے۔