پاک ترک پروڈکشن کمپنیز کا ’صلاح الدین ایوبی‘ کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان

پاکستان میں ترک ڈراموں کی شہرت کے بعد پہلی بار ترکی اور پاکستان ڈرامہ اور فلم ساز پروڈکشن کمپنیز نے عالمِ اسلام کی عظیم شخصیت "سلطان صلاح الدین ایوبی” کی زندگی پر ڈرامہ سیریز بنانے کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں ترکی کی تاریخ اور ثقافتی شہر استنبول میں کل 24 اگست کو معاہدے کی تقریب کیا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

یہ معاہدہ پاکستان کی انصاری اینڈ شاہ فلمز اور ترکی کی ایمرے کوناک کی ایکلی فلمز کے درمیان ہو رہا ہے۔
تقریب سے قبل ایکلی فلمز کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) اور پروڈیوسر ایمرے کوناک نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر ڈرامہ سیریز تیار کرنے پر بے حد خوشی ہے۔ پاکستان ہمار برادر اور دوست ملک ہے اور پاکستان کے عوام ترک ڈراموں میں بڑی گہری دلچسپی لیتے ہیں اور اس وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی پل قائم کرنے کے لیے یہ معاہدہ طے کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان کے اداکار بھی حصہ لیں گے۔

اگرچہ وہ سلطان صلاح الدین ایوبی کی عظیم شخصیت کی تصویر کشی میں پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ ہیں جنہوں نے تاریخ اور پوری دنیا پر اپنے نشان چھوڑے۔انصاری فلمز کے پروڈیوسر کاشف انصاری نے کہا ہے کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کی تاریخ کا ایک اہم ترین دن ہوگا، بلکہ عالمِ اسلام کے لیے بھی بڑی اہمیت کا حامل دن ہوگا۔پاکستان اور ترکی کے اسکالرز، تھنک ٹینکس اور سیاستدان مل بیٹھ کر عالمِ اسلام کی عظیم شخصیت کی زندگی پر ڈرامے کی شکل میں روشنی ڈالیں گے۔

بدلتے ہوئے عالمی پس منظر پر اس ڈرامہ سیریز کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ عالمِ اسلام کے ساتھ ساتھ عالمِ عیسائیت اور دنیا بھر میں سلطان صلاح الدین ایوبی کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔یہ ڈرامہ سیریز نہ صرف موجودہ نسلوں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہوگی۔شاہ فلمز کے پروڈیوسر ڈاکٹر جنید علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کل کا دن ترکی اور پاکستان کی فلم انڈسٹری اور ثقافتی لحاظ سے ایک نئے رشتے میں منسلک ہوجائے گی جس میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جائے گا اور دونوں ممالک کے اداکاروں کو ایک ساتھ ہی پہلی بار کام کرنے کا مو قع ملے گا۔

ترکی اور پاکستان کے اداکاروں پر مشتمل اس سیریز کی شوٹنگ ترکی میں ہوگی اور اس ڈرامے کے 3 سیزن بنانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ڈرامے کی شوٹنگ کے جلد ہی آغاز ہونے اور آئندہ سال کے آغاز تک اسے دنیا بھر کے ٹی وی چینلز پر پیش کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے۔پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی خواہش اور ایما پر عالمِ اسلام کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنا ہے تاکہ اسلاموفوبیا کو دنیا سے دور کیا جاسکے۔
سلطان صلاح الدین ایوبی، ایوبی سلطنت کے بانی تھے اور انہوں نے صلیبیوں کو شکست دے کر 1187 میں 9دہائیوں بعد بیت المقدس کو دوبارہ آزاد کروایا تھا۔
ان کی ایوبی سلطنت نے مصر، شام، یمن، عراق، حجاز اور دیار باکر پر حکومت کی وہ اپنی بہادری، فیاضی، حسن اخلاق، سخاوت اور بردباری کے باعث جانے جاتے تھے۔