پاکستان: کورونا کے کیسز میں مسلسل کمی،صرف 264 نئے مریض

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے صرف 264 کیسز سامنے آئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے اتوار کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے صرف چار ہلاکتیں ہوئی۔
چار ہلاکتوں کے ساتھ ملک میں اب تک کرونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار 288 ہوگئی ہے۔ملک میں اب تک دو لاکھ 95 ہزار 636 افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔اس وقت پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد صرف آٹھ ہزار 801 ہے۔پاکستان میں اب تک دو لاکھ 80 ہزار 547 کورونا کی وبا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ سندھ ہے جہاں اب تک کورونا کے ایک لاکھ 29 ہزار 268 افرا متاثر ہوئے ہیں۔
پنجاب میں ایسے افراد کی تعداد 96 ہزار 741، خیبر پختونخوا میں 36 ہزار 17، اسلام آباد میں 15 ہزار 611، گلگت بلتستان میں دو ہزار 863، بلوچستان میں 12 ہزار 842 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو ہزار 294 ہیں۔
کورونا سے ملک میں سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی سندھ میں ہوئی ہے جن کی تعداد دو ہزار 398 ہے۔ پنجاب میں کورونا سے دو ہزار 74 افراد، کے پی میں ایک ہزار 250، اسلام آباد میں 167، بلوچستان میں 141 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 61افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔