پاکستانی وزیر خارجہ کا دبئی میں ورلڈ ایکسپو سنٹر کا دورہ

دبئی : پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات میں ورلڈ ایکسپو سینٹر کا دورہ کیا ہے جہاں یکم اکتوبر 2021 سے بین الاقوامی نمائش (ورلڈ ایکسپو 2020) کا انعقاد ہوگا۔ورلڈ ایکسپو سینٹر کے دورے کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستانی سفیر افضال محمود، قونصل جنرل دبئی قونصلیٹ احمد امجد علی اور سفارتخانے کے سینیئر افسران بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔وزیر خارجہ نے دبئی انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں قائم پاکستانی پویلین کا دورہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ رواں سال یکم اکتوبر 2021 سے شروع ہونے والی اس بین الاقوامی نمائش میں پاکستانی پویلین کی موجودگی، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط دوستی کا مظہر ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’مجھے خوشی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم لاکھوں پاکستانی یہاں کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔‘شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں منعقدہ اس عالمی نمائش (ایکسپو 2020) میں پاکستان کی شمولیت، ہمارے دو طرفہ بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں تعاون کے فروغ کی واضح مثال ہے۔

Leave a comment