ناندیڑ کے درجہ حرارت میں اضافہ ‘گرمی شدت بڑھ گئی

ناندیڑ:19اپریل (ورق تازہ نیوز)ناندیڑضلع میں اپریل کے تیسرے ہفتہ میں گرمی کی شدت محسوس ہورہی ہے۔امسال موسم گرما کے آغازہونے کے بعد تقریبا دیڑھ ماہ اب گرمی کی شدت ہلکی ہلکی محسوس ہورہی ہے ۔ابتداءسے ہی موسم اچھا رہااو ردرمیان میں کبھی بارش بھی ہوئی جس کی وجہہ سے موسم خوشگوار رہا۔

ناندیڑکی گرمی سارے مراٹھواڑہ بلکہ مہاراشٹر بھر میں مشہور ہے۔یہاں کاعام طور پر موسم گرما میں درجہ حرارت 42تا44ڈگری سیلسیس تک ریکارڈ ہوتا ہے اور کبھی کبھی تو 45ڈگری کوبھی عبور کرتا ہے ۔ مگر الحمداللہ امسال ما ہ اپریل کے وسط تک گرمی کی کوئی خاص شدت محسوس نہیں ہوئی اسلئے عوام نے اطمینان کی سانس بھی لی ہے ۔مگر آج 19اپریل کوگرمی کی شدت میںاضافہ بھی ہوا اور درجہ حرارت 40ڈگری کوعبور کرگیا ہے ۔حالیہ دنوں شمالی ہند میں برفباری وبارش کی وجہہ سے ریاست میں بھی گرمی کی شدت کم محسوس ہورہی تھی ۔ لیکن اب سب سے گرم ترین ماہ مئی قریب آرہا ہے اسلئے گرمی کی شدت بڑھ رہی ہے ۔

ہرسال یکم مئی تا10مئی تک شدت کی گرمی ہوتی ہے اوردرجہ حرارت بھی ریکارڈ سطح تک پہنچ جاتا ہے اور پھر مئی وسط میں موسم میں تبدیلی آتی ہے اور تیزہوائیں و بارش بھی ہوتی ہے ۔ فی الحال ماہ رمضان المبارک چل رہا ہے ایسے میں روزہ داربھی گرمی کی شدت میں کمی پر اللہ کاشکرادا کررہے ہیں اور معصوم بچے بھی اپنی زندگی کا پہلا رکھ رہے ہیں۔مگر اب اپریل کی 20تاریخ آگئی ہے اسلئے آئندہ پندرہ دنوں تک ناندیڑ کے عوام کو شدت کی گرمی برداشت کرنی پڑسکتی ہے اور درجہ حرارت میںروزانہ اضافہ ہوسکتا ہے ۔ ویسے کورونا کی وباءکے پیش نظر ریاستی حکومت نے سخت پابندیاں عائد کررکھی ہیںاور صرف ضروری اشیا ءکی دوکانیں بھی کھلی ہیںاور دیگر تمام کاروبار مکمل بند پڑے ہیں اس وجہہ سے بھی سڑکوں پر لوگ بہت ہی کم نظر آرہے ہیں ۔