ناندیڑ۔ 22 ؍ جنوری (ورق تازہ نیوز ):ناندیڑ شہر کے دیگلورناکہ اور قدیم علاقوں کے مسائل کی یکسوئی کے لئے ڈپٹی میئر مسعود احمد خان نے ناندیڑ ضلع کے سرپرست وزیر اشوک چوہان سے ممبئی میں پچھلے دنوں ملاقات کر کے انہیں مختلف میمورنڈم پیش کئے ۔ اس موقع پر کارپوریٹر سید شیر علی، منتجب الدین، واجد جاگیردار موجود تھے۔ دیگلورناکہ مال ٹیکڑی روڈ پر موجود ٹرنچنگ گرائونڈ پر موجود کچرے کا ذخیرہ ہٹا کر وہاں گارڈن بنوانے اور قدیم شہر میں ایک کھیل کا میدان بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔
اسی طرح قدیم شہر میں بجلی کے استعمال میں اضافہ کے سبب وہاں پر ایک نیا ۳۳؍ کے وی سب سینٹر منظور ہوا ہے اس کے لئے بھی اراضی فراہم کرنے کا میمورنڈم دیا گیا۔ حیدر باغ دواخانہ میں سونو گرافی سینٹر اور ایکسرے سینٹر بنایا گیا ہے اسے بھی فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ دیگلورناکہ چوراستہ تا مال ٹیکڑی بریج کی سڑک جو موجودہ ۳۰؍ میٹر ہے اسے اتنا ہی برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا گیا کیونکہ نئے ڈی پی پلان میں اس سڑک کو ۶۰؍ میٹر یعنی ۲۰۰؍ فٹ چوڑی کرنے کا منصوبہ ہے۔
اس تعلق سے سید شیر علی نے کہا کہ سڑ ک کی توسیع کی جاتی ہے تو وہاں پر موجود کئی افراد کے مکان اور دکانیں منہدم ہو جائیں گی ۔ جس سے لوگوں کی املاک متاثر ہوگی ۔ موجودہ صورت حال میں میونسپل کارپوریشن کے پاس معاوضہ ادا کرنے کیلئے معقول رقم بھی نہیں ہے اس لئے موجودہ سڑک کو ۳۰؍ میٹر یعنی ۱۰۰؍ فٹ ہی برقرار رکھا جائے اور اس کی توسیع نہ کی جائے ۔ ریاستی وزیر اشوک چوہان نے قدیم شہر کے مسائل کی یکسوئی کا تیقن دے کر ان میمورنڈمس کو متعلقہ منسٹر اور محکموں کے پاس روانہ کیا ہے۔