ناندیڑ:سچکھنڈ ایکسپریس سے 82لاکھ32ہزار کے سگریٹ و گٹکھا ضبط

ناندیڑ:23 اکتوبر۔(ورق تازہ نیوز)سچکھنڈ ایکسپریس کے ذریعہ گٹکھے اور سگریٹ کی اسمگلنگ کرنے کی کوشش آج ناکام ہوگئی اور دونوں اشیاءکاذخیرہ ضبط کیاگیا ہے ۔ دونوں ذخائر کی کُل مالیت 82لاکھ32ہزار 660 روپے ہے ۔ ریلوے پولس ذرائع کے بموجب22اکتوبر کوشام ناندیڑ پہنچی سچکھنڈ ایکسپریس میںدوگٹکھے کے دو علیحدہ ذخیرے پائے گئے ۔جس میں ایک ذخیرہ ریلوے سیکوریٹی فورس نے پکڑا ۔دوسر ا ذخیرہ ریلوے پولس نے پکڑا ۔گٹکھے کے دونوں ذخیرے کے ساتھ سلمان ‘شاکر اور راجو نامی افراد موجود تھے ۔ ان تینوں کے مکمل نام و شناخت کی تفصیلی نہیں ملی ۔

پولس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے ۔ذخیرے میں خوشبودار تمباکوو سگریٹ بھی موجودتھے ۔ ریلوے میںمال بردار ی کیلئے جس طرح کی پیکنگ کی جاتی ہے بالکل اسی طرح کی پیکنگ ان گٹکھے کے ذخیروں کی گئی تھی ۔پولس نے کہاکہ انکے ہاتھ کچھ موبائیل نمبر لگے ہیں جس کی بنیادپر تفتیش کی جارہی ہے ۔اس کے علاوہ ناندیڑمیں یہ گٹکھا کہاں منتقل کیاجارہاتھا‘کسے دیاجارہاتھا اور روانہ کرنے والا فرد کون ہے اسکی بھی باریک بینی سے تفتیش جاری ہے ۔