’’میں غداروں کو پہچاننے میں ناکام رہی‘‘: ممتا بنرجی

ششیر ادھیکاری کے بی جے پی میں شامل ہونے پر چیف منسٹر بنگال کی سخت برہمی

کلکتہ: ترنمول کانگریس کے 80 سالہ رکن پارلیمنٹ ششیر ادھیکاری آج اپنے بیٹے سابق ریاستی وزیر شوبھندو ادھیکاری کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ چیف منسٹرممتا بنرجی نے باپ اور بیٹے دونوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ غدار اور چور ہیں، جو 2014 ء سے ہی میری حکومت کے خلاف سازش کر رہے ہیں، اب یہ لوگ میری حکومت کی جانب سے کئے گئے کاموں کا کریڈٹ چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ادھیکاری خاندان کے گڑھ مشرقی مدنی پور کے کانتی شہر میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ اس خاندان نے میرے خلاف سازش کی ہے، جب کہ میں ان کی عزت کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کی (ششیر ادھیکاری) بہت ہی عزت کرتی تھی، ایک بزرگ سیاست داں کے طور پر میں ان سے احترام کرتی تھی، مگر ان لوگوں نے میرے ساتھ غداری کی ہے۔ یہ میر جعفر ہیں۔ واضح رہے کہ میر جعفر بنگال کے آخری نواب سراج الدولہ کے کمانڈر تھے، جن کی غداری کی وجہ سے نواب سراج الدولہ کو شکست ہوئی اور انہیں ملک چھوڑ کر جانا پڑا تھا۔ممتابنرجی نے کہا کہ یہ غدار کہہ رہے ہیں کہ وہ 2014ء سے ہی بی جے پی کے رابطے میں تھے اس کا مطلب ہے کہ وہ میری حکومت کے خلاف سازش کر رہے تھے۔ انہوں نے سخت برہمی میں کہا کہ وہ بڑی نادان (خود کو گدھے سے تعبیر کیا)تھیں کہ وہ ادھیکاری خاندان کا حقیقی چہرہ نہیں دیکھ پائیں۔ انہوں نے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں جانے والوں کو غدار کہا اور ساتھ ہی وزیراعظم مودی کو ’’ٹی ایم سی چور‘‘ کہا۔

Leave a comment