مہاراشٹرا :ضروری اشیاء کی خریداری کیلئے صرف 4 گھنٹے

ممبئی : حکومت مہاراشٹرا نے لاک ڈاؤن کے قواعد کو مزید سخت کرتے ہوئے آج احکام جاری کئے کہ ضروری اشیاء کی خریداری کے لئے آئندہ 10 یوم میں روزانہ صرف 4 گھنٹے دیئے جائیں گے تاکہ کورونا وائرس کے تسلسل کو توڑا جاسکے۔ حکومت نے اِس سخت فیصلے میں کہاکہ تمام قسم کے اجناس، ترکاری کے دوکانات، پھل فروش، ڈیری، بیکری اور دیگر غذائی اشیاء کی دوکانات جیسے چکن، مٹن، فش اور انڈے وغیرہ کی خرید و فروخت کے لئے روزانہ صرف صبح 7 بجے سے 11 بجے دن کے درمیان وقت دیا جائے گا۔ چیف سکریٹری سیتارام کونتے کے جاری کردہ حکمنامہ میں یہ بھی کہا گیا کہ زرعی اشیاء کا بھی اِس حکمنامہ میں احاطہ ہوگا۔ ہوم ڈیلیوری کرنے والی شاپس کو صبح 7 بجے سے رات 8 بجے تک حکومت کی طرف سے اجازت رہے گی۔ ویسے یہ بھی واضح کردیا گیا کہ اِن اوقات پر مقامی حکام کی جانب سے نظرثانی کی جاسکتی ہے۔ ریاستی حکومت نے مقامی حکام کو اختیار دیا ہے کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی منظوری کے ساتھ کوئی بھی اضافی اشیاء اور خدمات کو اِس حکمنامہ کے تحت لایا جائے۔ ایک سرکاری عہدیدار نے کہاکہ عملاً اِس کا مطلب ہے کہ عوام کو روزانہ 19 گھنٹے گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں رہے گی مگر میڈیکل ایمرجنسی کی صورت میں کسی بھی وقت وہ باہر نکل سکتے ہیں جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے۔

Leave a comment