مغربی بنگال میں بی جے پی ورکربم سازی کے دوران دھماکے میں ہلاک

دیسی بم بنانے کے دوران بی جے پی کے 5 دیگر ورکر بھی شدید زخمی ، پولیس کاادعا

کولکتہ : مغربی بنگال کے جنوبی 24پرگنہ میں گوسابا مقام پر ایک بم دھماکہ ہوا جس میں بی جے پی کا ایک ورکر ہلاک اور دیگر 5 زخمی ہوئے ۔ پولیس کا دعوی ہے کہ کروڈ بموں کی تیاری کے دوران یہ دھماکہ ہوا ۔ بم بنانے والے بی جے پی کے 5 ورکر شدید زخمی ہوئے ہیں ۔ دو زخمیوں کو کولکتہ کے سرکاری دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے ۔ پولیس نے دعوی کیا کہ زخمی بی جے پی ورکرس بم بنارہے تھے کہ دھماکہ ہوا ۔

تمام زخمیوں کو جنوبی 24 پرگنہ کے سب ڈیویژنل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے ۔ زخمی بی جے پی ورکرس کی شناخت شوہن دیب ناتھ وکرم سہل ، ارپن دیوناتھ ، سواپن کورولی اور مہادیو نائک کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ تاہم ایک زخمی نے دعوی کیا کہ وہ لوگ جمعہ کی شام ایک مکان میں کھانا کھارہے تھے کہ ان پر بم پھینکے گئے ۔ ہم نہیں جانتے کہ یہ بم کس نے پھینکا ہے ۔ رات کا وقت تھا ہم نے کسی کو نہیں دیکھا ۔ گوسابا سے بی جے پی کے امیدوار چتاپرمانائیک ترنمول کانگریس کے جینتانسکر کے خلاف مقابلہ کررہے ہیں ۔ ٹی ایم سی کے امیدوار جینتانسکر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی امیدوار برون پرما نائک بعض شرپسند عناصر کے ساتھ ملکر بم تیار کرنے کی کوشش کررہے تھے اسی دوران بم پھٹ پڑے ۔

دوسری جانب بی جے پی امیدوار نے ترنمول کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کی پارٹی کے کارکنوں پر حملہ کروارہی ہے ۔ محفوظ اسمبلی حلقہ گوسابا میں مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ میں یکم اپریل کو رائے دہی ہوگی ۔ یہاں /2 مئی کو نتائج برآمد ہوں گے ۔ فبروری میں مغربی بنگال کے وزیر ذاکر حسین پر بھی ریلوے اسٹیشن پر بم حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہوئے تھے ۔ ٹی ایم سی کا دعوی ہے کہ بی جے پی مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل دہشت گردی کو ہوا دے رہی ہے ۔

Leave a comment