ماہ صیام میں عمرہ سیزن کیلئے تمام تیاریاں مکمل :نائب وزیر حج

ریاض: سعودی عرب کے نائب وزیر حج عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ حکومت نے ماہ صیام کے موقعے پر عمرہ سیزن کے لیے معتمرین کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔سعودی نائب وزیر حج نے کہا کہ رواں سال کے عمرہ سیزن کے لیے آنے والے معتمرین کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے شرائط مقرر کی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسجد حرام میں داخل ہونے والے تمام زائرین اور معتمرین کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین لگائے جانے کے بعد عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا۔سعودی عہدیدار کا کہنا تھا کہ حرمین شریفین میں آنے والے عمرہ زائرین کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم تیار کی گئی ہے جو وبا سے متاثرہ معتمرین کی نشاندہی کرے گی اور شرائط پر پورا نہ اترنے والے افراد کو معتمرین سے الگ کرے گی۔گذشتہ روز سعودی عرب کی وزارت دیہی امور و ہاوسنگ نے کہا تھا کہ حج وعمرہ کے لیے کام کرنے والے ملازمین، تجارتی مراکز میں کام کرنے والے افراد بالخصوص مکہ معظمہ اور مدینہ منورہ میں ملازمت کرنے والے تمام افراد کو رمضان المبارک کے آغاز سے ہی کورونا ویکسین لگنا شروع ہوجائے گی۔وزارت دیہی امور کے مطابق ویکسین نہ لگانے والے افراد ہر سات روز میں اپنا PCR ٹیسٹ کرائیں گے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے بعض شعبوں کے ملازمین کے لیے کورونا ویکسین لگوانے کو لازمی قرار دیا ہے تاہم اگر ان شعبوں سے تعلق رکھنے والا کوئی ملازم ویکسین نہیں لگواتا تو اسے PCR ٹسٹ ہر ہفتے کرانا ہوگا۔

Leave a comment