ماں کے قتل کے بعد بیٹا کٹا ہوا سر لے کر فرار

حیدرآباد24اکتوبر(یواین آئی)ایک دل دہلادینے والی واردات میں ایک نوجوان نے ماں کا قتل کردیااور اس کے سر کواپنے ساتھ لے گیا۔یہ واقعہ تلنگانہ کے ضلع ناگرکرنول کے سنگوتم گاوں میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق مقتول 60سالہ چندرماں کو دو بیٹے تھے۔اس کا بڑا بیٹا گاوں میں اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ مقیم تھا جبکہ اس کا چھوٹا بیٹا45سالہ راملو اپنی بیوی سے علحدگی کے بعد اپنی ماں کے ساتھ مقیم تھا۔وہ شراب کا عادی تھا اور رقم کے لئے اپنی ماں سے اصرار کرتا تھا۔

گذشتہ شب راملو حالت نشہ میں گھر واپس ہوا اور اس نے ماں سے رقم دینے کا مطالبہ کیا۔جب ضعیف ماں نے رقم دینے سے انکار کیا تو ملزم نے اس کے ساتھ جھگڑا کیا اور اسی دوران اس نے درانتی سے وار کرکے ماں کو ہلاک کردیا۔اپنی گرفتاری کے خوف سے ملزم ماں کے کٹے ہوئے سر کے ساتھ وہاں سے فرار ہوگیا۔مقامی افراد نے اس بات کی اطلاع پولیس کو دی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔