عائشہ خودکشی معاملہ: شوہر سے پوچھ تاچھ جاری، فی الحال وہ سپروائزر عہدے پر فائز ہیں

گجرات کی عائشہ نے حال ہی میں احمد آباد کے سابرمتی دریا میں کود کر اپنی جان دے دی۔ خودکشی سے پہلے عائشہ نے ایک ویڈیو بھی بنایا تھا۔ عائشہ کے شوہر عارف پر الزام ہے کہ شادی کے بعد وہ عائشہ کو جہیز کے لئے تشدد کا نشانہ بناتا تھا اور اس کی پٹائی کرتا تھا۔

اب عارف پولیس کی تحویل میں ہے۔پولیس کے مطابق عائشہ کا شوہر عارف خان اپنے والد بابو خان کے ساتھ گرینائٹ فیکٹری جالور میں کام کرتا ہے۔ وہ دکان بھی چلاتا ہے۔ اس نے اپنی 2 دکانیں کرائے پر لی تھیں اور خود گرینائٹ فیکٹری میں سپروائزر کے عہدے پر کام کررہاہے۔

عائشہ کو جالور سے بھی پیار تھا۔ عائشہ کے نانی کا گھر جالور کے راجندر نگر میں ہے۔ جب بچپن میں اسکول کو چھٹیاں ملنے پر یہاں آتی تھی۔عائشہ کی شادی سال 2018 میں جالور شہر کے اسپتال کراس روڈ کے رہائشی عارف ولدبابو خان سے ہوئی تھی۔ عائشہ کے ماموں کا کہنا تھا کہ اس کے سسرال والے جہیز کے لالچ کی وجہ سے اسے باقاعدگی سے تشدد کا نشانہ بناتے تھے جس سے وہ تنگ آکر خودکشی جیسا اقدام اٹھایا۔

عائشہ نے آخری ویڈیوسابرمتی ندی پر ہی بنائی اور اس نے کہا ۔ میں جو بھی کر رہی ہوں ، میں اپنی مرضی سے کر رہی ہوں۔ عائشہ کا مزید کہنا تھا کہ اب کیا کہوں ، خدا کی عطا کردہ زندگی بس اتنی ہی تھی۔ ابا کب تک لڑو گے ، اب کیس واپس لے لو۔ عائشہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر عارف آزادی چاہتا ہے تو اسے آزاد ی دیں گے۔ میں خوش ہوں ، میں اللہ سے ملاقات کروں گی ، میں اللہ سے پوچھوں گی کہ مجھے سے کہاں غلطی ہوگئی ؟۔ ‘ عائشہ کا مزید کہنا تھا کہ میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ مجھے انسانوں کی شکل مزید نہ دکھائیں

صرف یہی نہیں ، عائشہ نے کہا کہ اگر آپ محبت کرنا چاہتے ہیں تو اسے دو طرفہ کریں ۔ا یک طرفہ محبت سے کچھ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ اے خوبصورت دریا ، ہم دعا کرتے ہیں کہ تم مجھے اپنے اندر سما لیں ۔ عائشہ کا مزید کہنا تھا کہ میں ہواؤں کی طرح ہوں ، بس بہتے رہنا چاہتی ہوں۔ عائشہ کا کہنا تھا کہ میں نے جس کو جو بتانا چاہیے میں نے اسے بتادیا۔ میر ے کچھ سوال تھے مجھے آج اسکے جواب مل گئے ۔ مجھے دعاؤں میں یاد رکھنا ۔ کیا پتہ جنت ملے نہ ملے ۔ الوداع ۔۔

عائشہ کی موت کے بعد عائشہ کے والدین نے عائشہ کے شوہر عارف خان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیاہےجس کے بعد گجرات پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے راجستھان کے پالی سے عائشہ کے شوہر عارف خان کو گرفتار کرلیاہے۔ گجرات پولیس عارف خان سے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ اس معاملہ میں جلدہی مزید انکشافات ہونے کا امکان ہے۔