سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مرکزی ٹیم کا دورہ محض دکھاوا

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مرکزی ٹیم کا دورہ محض دکھاوا

نقصانات کا جائزہ لینے دو دن کافی نہیں، اے آئی سی سی ترجمان ڈاکٹر شراون کا الزام

حیدرآباد۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان ڈاکٹر ڈی شراون نے شہر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مرکزی ٹیم کے دورہ کو محض دکھاوا اور ٹی آر ایس اور بی جے پی کا ڈرامہ قرار دیا تاکہ عوام کو گمراہ کیا جاسکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس قائدین متاثرین میں امداد کی تقسیم کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے آج تک متاثرہ علاقوں کا دورہ نہیں کیا اور صرف جائزہ اجلاسوں سے محدود ہوچکے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد کی ترقی کے بارے میں حکومت کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلاس اور استنبول کی طرح ترقی دینے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن بارش کی تباہی نے شہر کی پسماندگی کو آشکار کردیا۔ مرکزی ٹیم نے اپنے دورہ کے ذریعہ متاثرین کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ ان کے ساتھ انصاف ہوگا جبکہ صرف دو دن میں شہر کے متاثرہ علاقوںکا دورہ اور نقصانات کا اندازہ لگانا ممکن نہیں ہے۔ ڈاکٹر شراون نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی میچ فکسنگ کے ذریعہ متاثرین کے ساتھ مذاق کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر ملک کی تاریخ کے وہ واحد چیف منسٹر ہیں جنہوں نے متاثرہ علاقوں کا دورہ تک نہیں کیا اور نہ ہی متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیلئے ان کے پاس وقت ہے۔ سیلاب کے نتیجہ میں بھاری جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں لیکن کے سی آر کو عوام کی تکلیف سے کوئی مطلب نہیں۔ حکومت کی جانب سے کسی شخص نے مہلوکین کے افراد خاندان سے ملاقات نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سماوی کے موقع پر یہ روایت رہی ہے کہ مرکزی ٹیم اپوزیشن کے نمائندوں سے ملاقات کرتی ہے لیکن کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ملاقات کا وقت نہیں دیا گیا۔ مرکزی ٹیم نے حیدرآباد کی فائیو اسٹار ہوٹل میں بیٹھ کر اپنی رپورٹ تیار کی ہے۔ انہوں نے مرکز سے شہر کی تباہی کو قومی آفت سماوی قرار دیتے ہوئے فراخدلانہ امدادی پیاکیج کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر خاندان کیلئے 10 ہزار روپئے کی امداد کسی بھی طرح کافی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین اور مقامی عوامی نمائندے سیاسی مقصد براری کیلئے حکومت کی امداد کی تقسیم میں پیش پیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذخائر آب پر ناجائز قبضوں کیلئے برسراقتدار پارٹی اور اس کی حلیف مقامی جماعت ذمہ دار ہے۔ مستقبل میں سیلاب کی صورتحال سے بچاؤ کیلئے ناجائز قبضے فوری برخواست کئے جائیں۔

Read More Source: https://urdu.siasat.com/

Leave a comment