سیاحتی ویزوں کے اجرا سے امارات آنے والوں کی تعداد 50 فیصد بڑھے گی

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں ٹورازم ایجنسیوں نے سیاحتی ویزے کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے فضائی کمپنیوں، ہوٹلوں اور ریٹیل کے شعبوں کو بہت فائدہ ہوگا۔الامارات الیوم کے مطابق پیر 30 اگست سے امارات نے دنیا کے تمام ممالک کے لیے سیاحتی ویزے کھول دیے ہیں۔ امارات آنے والوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ ہوٹلوں کی طلب بڑھے گی۔ شاپنگ سینٹرز آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ رینٹ اے کار اور فضائی کمپنیوں کے شعبے بھی بحال ہوں گے۔البادی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد الصاوی نے کہا کہ سیاحتی ویزوں کے اجرا کا فیصلہ بڑا اقدام ہے۔ اس سے سیاحت بحال ہوگی اور وبا سے پہلے والا ماحول بن جائے گا۔ بیرونی دنیا سے کم از کم 50 فیصد سیاحت کھل جائے گی۔ مقیم غیرملکیوں کے اہل خاندان، طلبہ اور علاج کے لیے آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھے گی۔ مارکیٹنگ، تفریحات، نمائشوں اور کانفرنسوں کی سرگرمیاں بھی تیز ہوں گی۔ ایکسپو 2020 دبئی میں شرکت کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔

Leave a comment