حج پیاکیجس کا ا علان، ویکسین کیلئے موبائیل کلینکس متعارف

ریاض : (کے این واصف) حکومت سعودی عرب کے اعلان کے مطابق اس سال بھی حج صرف سعودی باشندے اور مقیم غیرملکی ہی فریضہ ادا کرسکیں گے۔ یہ فیصلہ کورونا وبا کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے تحت کیا گیا ہے۔ وزارت نے حج کیلئے تین مختلف قیمتوں کے پیاکیج کا اعلان کیا ہے جو اس طرح ہیں۔ 1۔ پہلا پیاکیج 12,113 سعودی ریال، 2۔ دوسرا پیاکیج 14,381 سعودی ریال ۔ 3۔ تیسرا پیاکیج 16,560 سعودی ریال۔ عازمین حج اپنی استطاعت کے مطابق پیاکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ دیگر اہم شرائط میں حاجی کا ویکسین لیا ہوا ہونا ضروری ہے۔ حاجی کی عام صحت بہتر ہو اور وہ دائمی امراض سے پاک ہو۔ عمر کی حد کم از کم 18 سال اور زیادہ سے زیادہ 65 سال ہونی چاہئے۔اس سال حکومت نے 60 ہزار افراد کو حج کی ادائیگی کی اجازت دے گی جس کیلئے وزارت کی ویب سائیٹ http://localhaj.haj.gov.sa. پر رجسٹر یشن کروانا ہوگا۔ سعودی عرب میں عوام کو ویکسین ٹیکہ لگائے جانے کے عمل کو وسعت دینے اور اس میں تیزی پیدا کرنے کا کام مسلسل جاری ہے۔ ویکسین کو عوام تک آسانی سے پہنچانے کے سلسلہ میں وزارت صحت نے اب موبائیل کلینکس کا نظام متعارف کرایا ہے اور اب کئی Vaccine Vans محلوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں جاکر لوگوں کی ٹیکہ اندازی کررہی ہیں۔
اس کے لئے عوام کو کوئی ’’توکلنا‘‘ ایپ پر وقت حاصل کرنے کی ضرورت بھی نہیں۔ صرف کارگر اقامہ دکھا کر ویکسین لی جاسکتی ہے۔ اس موبائیل کلینک کی وجہ سے مقیم غیرملکیوں کو کافی سہولت حاصل ہوئی ہے۔ یہ ویانس شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک خدمات انجام دیتی ہیں۔

Leave a comment