جمعیۃ علماء دیگلور ضلع ناندیڑ نے آتشزدگی سے متاثرہ بیوہ خاتون کومکان بناکردیا

انسانیت کی بنیاد پر آتشزدگی سے متاثر ہ بیوہ خاتون کی امداد کی گئی ۔ مولانا ندیم صدیقی

ناندیڑ ۔24؍ جنوری2022 ( پریس ریلیز) آج یہاں ضلع ناندیڑ کے تعلقہ دیگلور کے ایک دیہات بھاوے گائوں میں ایک بیوہ خاتون کو جمعیۃ علماء کی جانب سے ٹین شیڈ کا مکان بناکر دیا گیا گذشتہ دنوں اس بیوہ خاتون کا مکان شارٹ سرکٹ کی وجہ سے جل کر خا کستر ہوگیا تھااس آتشزدگی سےوہ بیوہ خاتون اور اس کے بچےبے گھر ہو گئے تھے ،اور زندگی بھر کی کمائی چند لمحوں میں تباہ و بر باد ہو گئی تھی اطلاع ملتے ہی جمعیۃ علماء مہا راشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کی ہدایت پر مقامی جمعیۃ علماء دیگلورکے ذمہ داران پر مشتمل ایک وفد نے دورہ کرکے متاثرہ خاتون سے ملاقات کی اور فوری طور پر اشیاء ضروریہ راشن کٹس، اور گھریلو سامان کے ساتھ ساتھ نقدی رقم کے ذریعہ اس بیوہ خاتون کی مدد کی تھی۔

جمعیۃ علماء ضلع ناندیڑ کے صدر مولانا محمدعثمان فیصل قاسمی صاحب نے بتایا کہ وہ بیوہ خاتون اور اس کےبچے مالی اعتبار سےانتہائی کمزور ہیں روز مرہ کی مزدوری کے ذریعہ ان کا گذر بسر ہو رہا ہے ،اچانک آگ لگ جانے کی وجہ سے وہ لوگ بے گھر اور بےسہارا ہو گئے تھے جمعیۃ علماء ہند کی مقامی یونٹ جمعیۃ علماء دیگلور کے ذمہ داروں نے پہونچ کر کھانے پینے کی اشیاء اور نقدی رقومات کے ذریعہ مدد کی تھی اوراس متاثرہ خاتون کو تیقن تھا کہ مکان بناکر دیں گے چنانچہ اللہ کے فضل و کرم سے آج اس خاتون اور اس کے بچوں کی رہائش کے لئے ٹین شیڈ کا مکان بناکر اس کے سپرد کیا گیا ،جس سے متاثرہ خاتون کو کافی راحت حاصل ہوئی اور اس نے جمعیۃ علماء کےذمہ داروں کا شکریہ اداء کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے سر چھپانے کا مکان فراہم کرکے جمعیۃنے ہم پر بڑا احسان کیا ہے جسے ہم تا حیات یاد رکھیں گے ۔


جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی صاحب نے جمعیۃعلماء تعلقہ دیگلور، کے جملہ عہدیداران و اراکین کی خدمات کو سراہا اور اس بیوہ خاتون کی مدد میں حصہ لینے والے تمام معاونین و مخیرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی ﷺ کے فرمان خیر الناس من ینفع الناس کے پیش نظر انسانیت کی بنیاد پر متاثرہ خاتون کی امداد کی گئی ہے ۔اس موقع پرمفتی مختار الدین صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء دیگلور،مفتی احمد خان صاحب قاسمی کارگذار صدر، مفتی محمد رفیق صاحب قاسمی خازن ،مفتی موسی صاحب ندوی، مولانا حنیف صاحب قاسمی حافظ اکبر صاحب حافظ ایوب صاحب وجمیع عہدہ داران و اراکین جمعیۃ تعلقہ دیگلورموجود تھے۔

Leave a comment