تمل فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار ویویک کا انتقال

چنئی۔ تمل فلموں کے مشہور مزاحیہ اداکار ویویک کا دل کا دورہ پڑنے کے بعد ہفتے کی صبح انتقال ہوگیا۔ وہ 59 برس کے تھے ۔چنئی کے ایس آئی ایم ایس اسپتال میں انہوں نے آخری سانس لی۔ اداکار ویویک کو جمعہ کو دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ان کے کنبے میں اہلیہ اور بیٹی ہے ۔ اداکار ویویک نے جمعرات کو ہی کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لی تھی۔ ایس آئی ایم ایس اسپتال نے یہ واضح کیا ہے کہ ویویک کے دل کا دورہ پڑنے کا کورونا ویکسین سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ اس سے کچھ برسوں پہلے ہی اداکار کے بیٹے کا ڈینگی سے انتقال ہوگیا تھا۔ ویویک کی لاش کو ویروگگبکم میں واقع ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا جہاں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے والوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے ۔ مشہور اداکار کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں تمل فلم صنعت سے جڑے لوگوں کے علاوہ ان کے مداح بھی شامل ہیں۔ آج شام ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ تمل ناڈو کے وزیراعلی ای کے پلانی سوامی ،ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن،اداکار رجنی کانت اور موسیقار اے آر رحمان سمیت تمل فلم صنعت سے جڑے کئی لوگوں نے ویویک کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔

Leave a comment