تل ابیب میں یو اے ای کے سفارت خانہ کے قیام کو منظوری

دبئی : متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کیلئے اگست میں معاہدہ کیا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان کئی شعبوں میں تعلقات کو استوار کیا جارہا ہے۔ امارات کی کابینہ نے آج اسرائیل کے شہر تل ابیب میں اپنے سفارت خانہ کے قیام کو منظوری دے دی۔ سفارت خانہ سے متعلق تفصیلات میڈیا کو تاحال نہیں ملی ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے یروشلم کو اپنا دارالحکومت قرار دیا ہے لیکن عالمی برادری کی جانب سے اس کو مجموعی طور پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔ فلسطینیوں کا دعویٰ ہے کہ مشرقی یروشلم مستقبل میں فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہوگا۔ بیشتر ممالک کے سفارت خانے تل ابیب میں قائم ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ گزشتہ سال سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے انتظامیہ کی مصالحت میں بحرین، سوڈان، مراقش نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔امریکہ نے سعودی عرب پر بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کیلئے دباؤ ڈالا لیکن فلسطین کے مسئلہ پر سعودی عرب نے اس سے انکار کردیا۔

Leave a comment