ترک جنگی طیاروں کی کرد دیہات پر بمباری

بغداد : عراق میں کرد ذرائع نے اس اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ترکی کے جنگی طیاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب العمادیہ ضلع میں کرد دیہات کو بم باری کا نشانہ بنایا۔ذرائع کے مطابق ترکی کی فضائیہ کے طیاروں نے 7 دیہات پر بم باری کرتے ہوئے کردستان ورکرز پارٹی کے ٹھکانوں پر حملہ کیا۔ابھی تک ان حملوں کے نتیجے میں ہوئے نقصان کا علم نہیں ہو سکا۔اس سے قبل جمعرات کے روز ترکی کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ شمالی عراق میں ترکی کے ایک فوجی اڈے کو راکٹ حملے سے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں ایک ترک فوجی ہلاک اور نزدیکی گاؤں میں ایک بچہ زخمی ہو گیا۔وزارت دفاع کے بیان میں بتایا گیا کہ بعشیقہ کے علاقے میں واقع فوجی اڈے پر چہارشنبہ کی شب تین راکٹ داغے گئے تھے۔ ان میں ایک راکٹ اڈے پر اور بقیہ دو نزدیک واقع ایک گاؤں میں گرے۔ترکی کی فوج کالعدم تنظیم ’کردستان ورکرز پارٹی‘ کے مسلح عناصر کے خلاف لڑائی میں مصروف ہے۔

Leave a comment