بین الاقوامی سرحد پر 170 میٹر لمبی سرنگ

جموں: بارڈر سیکورٹی فورس نے ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر 150 میٹر لمبی سرنگ کا سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کٹھوعہ کے بوبیان گاؤں میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف کی ایک پارٹی نے چہارشنبہ کی صبح ایک آپریشن کے دوران ایک سرنگ کا سراغ لگایا۔بعض ذرائع نے سرنگ کی لمبائی 170 میٹر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ یہ سرنگ بظاہر سرحد پار سے جنگجوؤں کی طرف سے در اندازی کرنے کے لئے کھودی گئی ہے اور اس کو کھودنے میں پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کا بھی ہاتھ ہے ۔آئی جی بی ایس ایف جموں این ایس جموال نے سرنگ کا جائزہ لینے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا: ‘ہمارے پاس لگاتار خفیہ اطلاعات آ رہی ہیں کہ سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں سرنگیں موجود ہیں۔ ان اطلاعات کی بنا پر ہم یہاں سرنگ مخالف آپریشنز چلا رہے ہیں۔ ان ہی آپریشنز کی بدولت آج اس سرنگ کا پتہ لگایا گیا ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘یہ سرنگ قریب 150 میٹر لمبی، 25 سے 30 فٹ گہری اور دو سے تین فٹ چوڑی ہے ۔ سرنگ کے اندر سے ریت کے کچھ تھیلے ملے ہیں جن پر پاکستان کی مارکنگ ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سرنگ کو بنانے میں پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کا پورا ہاتھ ہے ‘۔آئی جی بی ایس ایف نے کہا: ‘سرحد کی دوسری جانب پاکستان کے ضلع ناروال کی تحصیل شکر گڑھ ہے ۔ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے بدنام زمانہ ہے ۔ یہاں سے دہشت گردوں کو سرحد کے اس پار بھیجنے کی بھی کوششیں کی جاتی ہیں۔

Leave a comment