بچوں کا جانی دشمن بن گیا ہے کورونا کا ’برازیلی اسٹرین‘

ہندوستان میں کورونا انفیکشن کی دوسری لہر کے دوران کچھ نئے اسٹرین سامنے آئے ہیں جس نے ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کی فکر میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان نئے اسٹرین میں ’برازیلی اسٹرین‘ بھی شامل ہے جس کو لے کر ایک خوف کا عالم دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دراصل یہ برازیلی اسٹرین بچوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ہندوستان میں کورونا کے تین نئے اسٹرین کے بارے میں پتہ چلا ہے جن میں سب سے زیادہ خطرناک برازیل کا وائرس ہے۔ اس برازیلی اسٹرین کو بچوں کا ’جانی دشمن‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ بچوں کے لیے تین ممالک سے ہندوستان پہنچے وائرس سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہو رہے ہیں اور وہ ممالک ہیں برطانیہ، جنوبی افریقہ اور برازیل۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برازیل کا وائرس سب سے زیادہ خطرناک ہے جو کہ تقریباً 15 ممالک میں بچوں پر اپنا قہر برپا کر رہا ہے۔ صرف ہندوستان میں ہی تقریباً 80 ہزار بچے کورونا کی زد میں آ چکے ہیں اور کچھ ریاستوں میں تو برازیلی اسٹرین نے بچوں کو موت کی نیند سلا دیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برازیلی اسٹرین خصوصی طور پر 8 مہینے سے 5 سال کے بچوں کے لیے زیادہ خطرناک ہے، اس لیے چھوٹے بچوں پر بہت زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ برازیلی وائرس کی وجہ سے اب تک سب سے زیادہ بچوں کی موت ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق کورونا کی پہلی لہر میں جس طرح بزرگوں پر خطرناک اثر دیکھنے کو ملا تھا، اسی طرح کورونا کی دوسری لہر بچوں کے لیے خطرناک معلوم پڑ رہی ہے۔ مہاراشٹر، اتر پردیش، چھتیس گڑھ اور دہلی جیسی ریاستوں میں اس برازیلی وائرس کا بہت زیادہ اثر بچوں پر دیکھنے کو ملا ہے۔