بپن راوت، کلیان سنگھ، کھیمکا کو پدم وبھوشن

نئی دہلی، 25 جنوری (یو این آئی) ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف آنجہانی جنرل بپن راوت اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور راجستھان کے سابق گورنر آنجہانی کلیان سنگھ ، گیتا پریس گورکھپور کے صدر آنجہانی رادھےشیام کھیمکا کو بعد از مرگ ملک کے دوسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز پدم وبھوشن سے نوازا گیا ہے ۔

مہاراشٹرسے کلاسیکی گلوکارہ پربھا اترے کو بھی دوسرے اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا ہے ۔ جبکہ کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد ، مغربی بنگال کے سابق وزیر اعلیٰ بدھ دیب بھٹاچاریہ اورانفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کی نامور شخصیات ستیہ نڈیلا اور سندر پچائی کو پدم بھوشن سے نوازا گیا ہے۔یوم جمہوریہ کے موقع پر حکومت نے 128 شخصیات کو پدم ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا۔ ان میں سے چار لوگوں کو پدم وبھوشن، 17 لوگوں کو پدم بھوشن اور 107 لوگوں کو پدم شری سے نوازا جائے گا۔

پدم بھوشن حاصل کرنے والوں میں مسٹر آزاد اور مسٹر بھٹاچاریہ کے علاوہ اداکار وکٹر بنرجی (آرٹس)، گرمیت باوا (آرٹس)، نٹراجن چندر شیکھرن (انڈسٹری)، شری کرشنا ایلا اور محترمہ سچترا ایلا (کمبائنڈ، انڈسٹریز)، محترمہ مدھر جعفری (پاکلا، امریکہ) مسٹر دیویندر جھانجھریا (اسپورٹس)، مسٹر راشد خان (آرٹس)، مسٹر راجیو مہرشی (ایڈمنسٹریشن)، ستیانارائن نڈیلا (انڈسٹری، یو ایس اے)، سندر راجن پچائی (انڈسٹری، یو ایس اے)، سائرس پونا والا (صنعت)، مسٹر سنجے راجارام (بعد از بعد، سائنس، انجینئرنگ، میکسیکو)، محترمہ پرتیبھا رے (ادب)، سوامی سچیدانند (تعلیم اور ادب) اور مسٹر وشیشٹ ترپاٹھی (تعلیم اور ادب) شامل ہیں ۔

Leave a comment