برڈ فلو کاخطرہ‘ ناندیڑ ضلع میں سینکڑوں مرغیاں فوت

ناندیڑ:12جنوری(ورق تازہ نیوز)ریاست میں کورونا اسٹرین کے نئے مریض پائے جارہے ہیں اسلئے حکومتی سطح پر کافی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ایسے حالات میں ملک کی بیشتر ریاستوں میں برڈ فلونے دستک دی ہے اوراب تک لاکھوں کی تعدادمیں پرندے ہلاک ہوئے ہیں ۔

مہاراشٹرمیں برڈ فلو کاسب سے پہلا معاملہ پربھنی ضلع کے مرومبہ گاوں میں گزشتہ دنوں پیش آیا ہے جہاں پر 800مرغیاں فوت ہوئی ہیں۔

اب ناندیڑضلع کے حمایت نگر تعلقہ میں بھی سینکڑوں مرغیاں فوت ہوئی ہیں اسلئے ضلع انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات تیزکردئےے ہیں ۔ ضلع کے حمایت نگر تعلقہ کے موضع چنچورڈی دیہات میں گزشتہ آٹھ دنوں میں نامعلوم مرض سے سینکڑوں مرغیاں فوت ہوچکی ہیں جبکہ رکمنی نگر علاقہ میں شہید کی مکھیاں بھی فوت ہوئی ہیں۔ انکی موت برڈ فلو سے ہونے کاخدشہ ظاہرکیاجارہا ہے ۔

عثمان آباد ‘ لاتور اورپربھنی کے بعداب ناندیڑ میںبھی مرغیوں کی موت ہونے سے ہلچل مچ گئی ہے ۔حالانکہ ابھی تک ضلع میں برڈ فلو کے کسی بھی معاملے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔

البتہ ضلع میں محکمہ مویشی پالن کے 32دستے پولٹری فارمس کی تعدادان میںموجود مرغیوں کی تعداد کے علاوہ دیگر پرندوں کی تفصیلات جمع کررہے ہیں۔