الیکشن آتے ہی ایم آئی ایم اور بی آر ایس جیسی پارٹیاں سرگرم ہوتی ہیں:اشوک چوہان

بھوکر:6 /مارچ۔ ( ورقِ تازہ نیوز)جب بھی کوئی الیکشن قریب ہوتا ہے تو ایم آئی ایم اور بی آر ایس جیسی پارٹیاں سرگرم عمل ہوجاتی ہیں ۔قومی سطح پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو روکنے کےلئے بی آر ایس کو کانگریس قیادت والے یو پی اے سے ہاتھ ملاناچاہئے ۔سوناری ‘بھوکر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ اشوک راو چوہان نے بی آر ایس کے صدرچندرشیکھرراو سے اپیل کی ۔

سوناری میں کانگریس پارٹی نے ایک اظہارتشکر جلسہ کاانعقاد کیاتھا س میں امرراجورکر ‘ کانگریس ضلع صدر شندے ناگولی کر ‘ اوردیگر پارٹی قائدین شریک تھے۔ مہا ویکاس اگھاڑی حکومت کے دور میں بھوکرتعلقہ کی ترقی کےلئے رقم منظور کرواکر لائی گئی جس کے باعث آبپاشی کادیرینہ مسئلہ حل ہوا ۔تعلقہ کے 57 گاووں میں پانی نلوں کے ذریعہ فراہم کیاجارہا ہے ۔ بھوکر۔واہٹی سڑک کے ادھورے کام کومکمل کیاگیا اسکے باوجود 172کروڑ روپے سڑکوں کی تعمیر اوردیگر کاموں کےلئے منظور کروائے گئے ۔

اس جلسہ میں شیوسینا (ٹھاکرے گروپ) کے ضلع صدر ببن بارسے نے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے پرنکتہ چینی کی۔ابتداءمیں کانگریس کے بھوکر تعلقہ صدربھوسی کر نے تعلقہ میں مکمل کئے گئے کاموں کی تفصیل پیش کی ۔ گزشتہ چنددن قبل تیلنگانہ کی برسراقتدار (بی آر ایس ) بھارتیہ راشٹریہ سمیتی نے ناندیڑ شہر میں ایک جلسہ عام منعقد کیا تھا جس میں اس کے قائدین نے اعلان کیاتھا کہ ان کی پارٹی بلدیہ ‘ضلع پریشد کے علاوہ اسمبلی اور لوک سبھا چناو میں اپنے امیدواراتارے گی۔