نئی دہلی : سینئر شہری جو 60 سال سے زائد عمر کے حامل ہیں ان کیلئے مرکزی وزارت سماجی انصاف کی جانب سے کورونا وبا کے تناظر میں آج اڈوائزری جاری کی گئی۔ سکریٹری آر سبرامنیم کے جاری کردہ مشورہ میں بتایا گیا کہ 60 سال سے زائد عمر والے افراد کی مجموعی تعداد لگ بھگ 16 کروڑ ہے۔ ان میں بیشتر لوگ پہلے سے مختلف طبی مسائل سے دوچار ہیں جیسے تنفس کا عارضہ، قلبی مرض، گردے کا عارضہ، جگر کا مسئلہ، ذیابیطس، ہائپرٹنشن اور کینسر وغیرہ۔ اس طرح کے معمر شہریوں کیلئے کوویڈ کا عارضہ سنگین نتائج کا موجب بن سکتا ہے۔ اس لئے مرکزی حکومت تمام سینئر شہریوں کو مشورہ دیتی ہیکہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں۔ گھر میں بھی ملاقاتیوں سے میل جول نہ رکھیں۔ اگر کوئی ناگزیر صورتحال پیش آتی ہے تو ایک میٹر کے فاصلہ سے ملاقات کریں۔ ہمیشہ اپنے فیملی ممبرس سے ہی بات کریں اور دیگر لوگوں سے فون پر ہی رابطہ رکھیں۔ انہیں اس بات کا ضرور خیال رکھنا چاہئے کہ کوروناوائرس مرض کی علامتوں جیسے بخار، کھانسی، سانس لینے میں دشواری سے متاثرہ افراد سے ہرگز ربط میں نہ آئیں۔ جب بھی اس قسم کی علامتیں خود میں ظاہر ہونے لگیں فوری علاج پر توجہ دیں۔


اپنی رائے یہاں لکھیں