یکم مئی سے 18 سال کا ہر ہندوستانی کورونا ویکسین کا اہل

نئی دہلی: ماہ مئی سے ہندوستان میں کورونا ٹیکہ اندازی میں توسیع کی جائے گی اوریکم مئی سے18 سال یا زائد عمر کا ہر فرد ویکسین لینے کا اہل ہوگا ۔یہ فیصلہ آج پیر کو وزیراعظم نریندر مودی کے ڈاکٹروں اور مختلف متعلقہ محکموں کے ساتھ سلسلہ وار اجلاسوں کے بعد منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا ۔ اس کامطالبہ اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے کیاجارہاتھا۔مرکزی حکومت نے پیر کو کورونا صورتحال پر وزیر اعظم کے لگاتار اجلاسوں کے بعد یہ اعلان کیاہے۔اس سے قبل 45برس سے زائدعمرکے لوگوں کویکم اپریل سے ویکسین دی جارہی تھی۔مرکزی حکومت نے ملک میں کورونا ٹیکہ اندازی مہم میں تیزی لانے کی خاطر یکم مئی سے کوویڈ۔19 ویکسینیشن کے تیسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان کیاہے ۔ حکومت کا کہنا ہے کہ 18 سال کا ہر ہندوستانی کوویڈ ویکسین کے لئے اہل ہوگا ۔ یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیرصدارت میٹنگ کے بعد سامنے آیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومت گزشتہ ایک سال کے دوران کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ٹھوس اقدامات کرتی رہی ہے اور اُس کا نشانہ ہے کہ اقل ترین عرصہ میں زیادہ سے زیادہ ہندوستانیوں کو ویکسین دی جائے ۔ مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے حکومت کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ تیزی کے ساتھ اپنے عوام کو ویکسین دے رہا ہے اور ہم یہ ردھم برقرار رکھیں گے ۔ نئے مرحلے میں حکومت نے ویکسین کی قیمت ، اُس کی حصولیابی ، ٹیکہ اندازی کے لئے اہلیت اور ویکسین لگانے کے سسٹم کو زیادہ لچکدار بنانے کا عزم کیا ہے ۔ ہندوستان نے اب تک 12.38 کروڑ کوویڈ ڈوز دیئے ہیں ، حالانکہ کورونا وائرس کے نئے کیسوں کی تعداد یومیہ 2.7 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے ۔

Leave a comment