یکم دسمبر تک دینی مدارس کے اساتذہ کی تفصیلات فراہم کردی جائیں: حکومت آسام

گوہاٹی: حکومت آسام نے ریاست کے تمام خانگی مدارس سے کہا ہے کہ وہ اپنے اساتذہ کی تفصیلات اور ان اداروں کے محل وقوع سے واقف کرائیں۔ یکم دسمبر تک یہ معلومات فراہم کردی جانی چاہئے۔

مدرسوں کو انقلابیوں سے پاک کرنے حکومت کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر یہ احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ریاستی پولیس نے اس مسئلہ پر خانگی مدرسہ بورڈ کے نمائندوں سے اور ریاستی محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے بات چیت کی ہے۔

مدرسوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے ساتھ درکار معلومات شیئر کریں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) بھاسکر جیوتی مہنتا کے مطابق محکمہ تعلیم عنقریب ایک پورٹل شروع کرے گا تاکہ مدارس کے اساتذہ اور مدرسوں کے محل وقوع کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں آسانی ہو۔