یو پی ایس سی کی ایک سیٹ پر عائشہ نام کی دو لڑکیوں کا دعویٰ، دونوں کا رول نمبر بھی ایک!
بھوپال: مدھیہ پردیش سے یو پی ایس سی امتحان کے نتائج کے حوالہ سے ایک حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عائشہ نام کی دو لڑکیوں نے ایک ہی رول نمبر پر امتحان دیا، پھر انٹرویو دیا اور اب ان دونوں کا 184ویں رینک پر سلیکشن ہو گیا ہے۔ دونوں کے خاندان جشن بھی منا رہے ہیں۔
خیال رہے کہ یو پی ایس سی کی جانب سے منگل کے روز نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔ عائشہ نام کی دونوں لڑکیوں میں سے کس کا دعویٰ درست ہے یہ تو بعد میں ہی معلوم چلے گا، فی الحال میڈیا میں یہ معاملہ شہ سرخیوں میں ہے۔
یو پی ایس سی کا نتیجہ جاری ہونے پر 184ویں مقام پر عائشہ فاطمہ کا نام نظر آیا، جس کے بعد دونوں عائشاؤں کے گھروں میں جشن منایا جانے لگا۔ ایک کا تعلق دیواس سے ہے، جبکہ دوسری کا تعلق علی راج پور سے ہے۔
دونوں کا رول نمبر ایک ہونے کی وجہ سے صورت حال واضح نہیں ہو پا رہی ہے۔ اجازت نامہ پر دونوں کا رول نمبر 7811744 درج ہے۔ دونوں امیدواروں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اسی رول نمبر پر انٹرویو دیا تھا۔
علی راج پور کی عائشہ مکرانی کے بھائی شہباز الدین مکرانی (سیول انجینئر) کاک دعویٰ ہے کہ ان کی بہن نے کافی محنت کی تھی۔ والدہ کاک بھی خواب تھا کہ ان کی بہن آئی اے ایس بنے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بہن نے 184ویں رینک حاصل کی ہے اور وہ اس معاملہ کو لے کر کورٹ تک جائیں گے۔
وہیں دیواس کی عائشہ فاطمہ کے والد نذیر الدین نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ ان کی بیٹی کا ہی سلیکشن ہوا ہے اور یو پی ایس سی ایسی غلطی کبھی نہیں کر سکتا۔ انہوں یہاں تک کہنا ہے ’’میں رات کو دن مان لوں گا لیکن یہ نہیں مان سکتا کہ ایسا ہوا ہے! مجھے لگتا ہے کہ دوسری عائشہ کے ساتھ کچھ گڑبڑی ہوئی ہے۔‘‘