یمن بحران کو حل کرنے والی سیاسی کوششیں معاون ثابت ہوں گی

دبئی:متحدہ عرب امارات نے یمن میں جنگ بندی کے لیے سعودی عرب کی طرف سے پیش کردہ امن منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ الشیخ عبداللہ بن زاید ال نہیان نے سوموار کے روز ایک بیان میں کہا کہ برادر ملک سعودی عرب کی وزارت خارجہ کا یمن میں جنگ بندی سے متعلق اعلان یمن بحران کے حل کے لیے ہونے والی سیاسی کوششوں کو ا?گے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔الشیخ عبداللہ بن زاید نے کہا کہ متحدہ عرب امارات یمن میں قیام امن کے لیے سعودی عرب کے اقدام میں مکمل طور پر الریاض کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان تنازع کے سیاسی حل کا بہترین اور قیمتی موقع ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ سعودی عرب کے یمن میں جنگ بندی سے متعلق اعلان کے بعد تمام فریقین کو اس پرعمل درآمد کے لیے تیار کریں۔ اماراتی وزیر خارجہ نے یمن میں نئی حکومت کے قیام کے لئے سعودی عرب کی کاوشوں اور الریاض معاہدے پر عمل درآمد کرانے کی کوششوں کو بھی سراہا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یمن میں قیام امن کو ایک اور موقع دیتے ہوئے مملکت کی طرف سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔ سعودی وزیر خارجہ نے اس موقعے پر یمن کے بحران کے سیاسی حل کے لیے ایک امن فارمولہ بھی پیش کیا جسے امریکا اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری کی طرف سے سراہا گیا ہے۔


اپنی رائے یہاں لکھیں