یو این او ، ایفل ٹاور، برج خلیفہ اور دیگرکئی تاریخی عمارتیں ترنگا سے روشن ہوں گی

٭ آزادی کا امرت مہوتسو ٭
ہندوستان کی آج 75 ویں یوم آزادی، اظہار یگانگت اور حب الوطنی کا منفرد انداز

دبئی۔اس سال ہندوستان کی 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر ہندوستان کا ترنگا دنیا بھر کی مشہور عمارتوں کی خوبصورتی کو دوبالا کرے گا۔ آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت اقوام متحدہ کا ہیڈ کوارٹر بھی روشن ہوگا۔ کینیڈا کا نیاگرا فالس بھی ہندوستانی پرچم کے رنگوں میں نہائے گا۔ ہندوستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر دنیا اپنی بہت سی مشہور عمارتوں کو ہندوستان کے ترنگے میں روشن دیکھے گی۔ یہ رواں آزادی کا امرت مہوتسو کا حصہ ہے جو ہندوستان کی آزادی کے 75 سال اور اس کے لوگوں ، ثقافت اور کامیابیوں کی شاندار تاریخ کی یادگار ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت کے مطابق وزارت خارجہ نے تقریبات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس تقریب کے لیے دنیا کے کئی ممالک میں مشہور عمارتوں اور سیاحتی مقامات کے انتخاب کے ساتھ تمام رسوم مکمل ہوچکی ہیں۔ امریکہ ، برطانیہ ، دبئی سمیت کئی ممالک کی 75 مشہور عمارتیں اور سیاحتی مقامات 15 اگست کی شام سے 16 اگست کی صبح تک ہندوستانی ترنگے کی روشنی میں روشن ہوں گے۔ کینیڈا بھی ترنگے کے رنگ میں دیکھا جائے گا۔ ترنگے میں روشن ہونے والی اہم عمارتوں میں جنیوا میں اقوام متحدہ کا ہیڈ کوارٹر ، امریکہ کی ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ ،پیرس کا ایفل ٹاور، دبئی میں برج خلیفہ ، روس کا انقلابی ٹاور ، سعودی عرب ، ابوظہبی میں مشہور اے ڈی این او سی گروپ ٹاور اور برطانیہ کی برمنگھم لائبریری شامل ہیں۔ وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے کہا آزادی کا امرت مہوتسو عوامی شرکت کی مہم ہے۔ اس کا مقصد فخر کے ان لمحات کو یاد رکھنا ہے جو ہندوستان کی آزادی کی تاریخ سے وابستہ ہیں۔ اس کے آغاز کے ساتھ ہی بیرون ملک رہنے والے ہندوستانیوں کی ایک بڑی تعداد پورے جوش و خروش کے ساتھ اس میں شامل ہو رہی ہے۔ 15 اگست کوہندوستان دنیا کے ساتھ مل کر ملک کی آزادی کا 75 واں سال منائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 12 مارچ 2021 کو آزادی کا امرت مہوتسو مہم شروع کی تھی جو 15 اگست 2023 تک چلے گی۔

Leave a comment