یوگی حکومت کا ایک اور شہر کا نام تبدیل کرنے کافیصلہ
الہ آباد۔ یوپی میں ان دنوں مغلوں کے زمانے میں بسائے گئے شہروں کے نام تبدیل کرنے کی سیاست زوروں پر چل رہی ہے۔مغل سرائے، فیض آباد اور الہ آباد کا نام تبدیل کرنے کے بعد یوگی حکومت نے اب بستی ضلع کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ یوگی حکومت نے بستی ضلع کا نام بدل کر ’’مہارشی وشسٹھ نگر‘‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
شہروں کے نام بدلنے کے ان فیصلوں کو سادھو سنتوں کی طرف سے زبردست حمایت مل رہی ہے۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے اقتدار میں آتے ہی شہروں کے نام بدلنے کے منصوبے پر کام شروع ہو گیا تھا۔
سب سے پہلے یوگی حکومت نے مغل سرائے کا تاریخی نام بدل کر دین دیال اپادھیائے نگر کر دیا تھا ۔ اس کے بعد الہ آباد کا پریاگ راج اور فیض آباد کا نام بدل کر ایودھیا کر دیا گیا ۔ اب یوگی حکومت نے ریاست کے قدیم ضلع بستی کا نام بدل کر وشسٹھ نگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یو گی حکومت کے اس فیصلے کا سادھو سنتوں کی طرف سے زبردست خیر مقدم کیا جا رہا ہے ۔