یوپی: 47 سالہ بی جے پی لیڈر، سماج وادی پارٹی قائد کی 26 سالہ بیٹی کو لے کر فرار

578

ہردوئی: ایک اور چونکا دینے والے واقعے میں ایک 47 سالہ بی جے پی لیڈر مبینہ طور پر اتر پردیش کے ہردوئی ضلع میں سماج وادی پارٹی کے ایک لیڈر کی 26 سالہ بیٹی کے ساتھ فرار ہوگیا۔اس معاملے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد بی جے پی نے اسے مبینہ طور پر پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں پارٹی سے نکال دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بی جے پی لیڈر کی شناخت آشیش شکلا کے طور پر ہوئی ہے، جو پہلے سے شادی شدہ ہے اور دو بچوں کا باپ ہے۔ شکلا کو ایک 21 سال کا بیٹا ہے جبکہ ایک سات سالہ بیٹی بھی ہے۔ذرائع کے مطابق سماج وادی پارٹی قائد کی بیٹی کے گھر والوں نے اس کی مرضی کے خلاف اس کی شادی طے کردی تھی تاہم اس کا پہلے سے ہی آشیش شکلا کے ساتھ معاشقہ چل رہا تھا۔ آخرکار انہوں نے اس شادی سے بچنے کے لئے فرار ہونے کا فیصلہ کیا۔

بی جے پی کے ہردوئی ضلع کے میڈیا انچارج گنگیش پاٹھک نے میڈیا کو بتایا کہ آشیش شکلا پارٹی کا سٹی جنرل سکریٹری تھا۔گنگیش پاٹھک نے مزید بتایا کہ آشیش کو اس کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور پارٹی کی پالیسی کے خلاف کام کرنے پر اس کی بنیادی رکنیت بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شکلا اب پارٹی سے وابستہ نہیں ہے اور پولیس کو اس کے خلاف کارروائی کا مکمل اختیار حاصل ہے۔اب اس معاملے کی گہرائی سے چھان بین کی جا رہی ہے۔