یوپی کے وزیر نے اپنا استعفیٰ امیت شاہ کو بھیج دیا

430

لکھنؤ : اترپردیش کے وزیر دنیش کھاتک نے اپنا مکتوب استعفیٰ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کو بھیجا ہے۔ اپنے مکتوب میں ریاستی وزیر نے خود اپنے محکمہ میں کرپشن پائے جانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ افسران ان کے احکام کی تعمیل نہیں کررہے ہیں۔ مملکتی وزیر برائے جل شکتی نے اس طرح یوگی ادتیہ ناتھ زیرقیادت حکومت سے استعفیٰ دیدیا ہے۔

وہ اسمبلی میں ہستیناپور حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ محکمہ جاتی تبادلوں میں بے قاعدگیاں دیکھنے میں آئی ہیں اور عہدیدار ان کی بات نہیں سنتے ہیں۔ دنیش مغربی اترپردیش کے بااثر دلت لیڈر ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے محکمہ کے عہدیدار انہیں نظرانداز کرتے ہیں کیونکہ ان کا تعلق سماج کے پچھڑے طبقہ سے ہے۔ دنیش کو اس بات پر بھی مایوسی ہیکہ نئی حکومت کی تشکیل کے زائد از 100 روز بعد بھی ان وزارت کیلئے کام مختص نہیں کیا گیا ہے۔