یوٹیوب نے تین ماہ میں خلاف ورزی کرنے پر 5 کروڑ سے زائد ویڈیوز ہٹا دیں

0 20

یوٹیوب نے پالیسیوں کی خلاف ورزی کرنے پر تین ماہ میں اپنی ویب سائٹ سے 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ویڈیوز اور 22 کروڑ 40 لاکھ تبصرے ہٹا دیے۔

امریکا، یورپ اور ایشیا کے سرکاری حکام اور دلچسپی رکھنے والے گروپس نے یوٹیوب، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا سروسز پر زور دیا تھا کہ انتہا پسند اور نفرت انگیز مواد کو ہٹایا جائے۔

یورپی یونین، یوٹیوب کو یہ تجویز پیش کر چکا ہے کہ اگر سرکاری احکامات ملنے کے ایک گھنٹے کے دوران انتہا پسند مواد نہ ہٹایا جائے تو جرمانہ ہونا چاہیئے۔

سال 2018 میں نفرت انگیز مواد ہٹانے سے متعلق یوٹیوب نے سہہ ماہی بنیادوں پر رپورٹ جاری کرنا شروع کی تھی۔

یوٹیوب کے مطابق ستمبر میں خلاف ورزی کرنے پر نفرت انگیز مواد والی 10 ہزار 400 ویڈیوز جبکہ بچوں کی حفاظت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے 2 لاکھ 79 ہزار 600 ویڈیوز ہٹائی گئیں۔

یوٹیوب اب تک 16 لاکھ 70 ہزار چینلز اور ان کی پانچ کروڑ دو لاکھ ویڈیوز ویب سائٹ سے ہٹا چکا ہے۔